فیصل آباد یونین آف جرنلسثس کے زیر اہتمام یوم آزادی صحافت ریلی نکالی گئی۔


 فیصل آباد(سٹی رپورٹر) فیصل آباد یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام عالمی یوم آزادی صحافت کے حوالے سے ریلی نکالی گئی جس کی قیادت گروپ لیڈر ایف یو جے و مرکزی نائب صدر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس رانا حبیب الرحمٰن، ممبر فیڈرل ایگزیکٹو کونسل معراج ملک، صدر فیصل آباد یونین آف جرنلسٹسں ساجد خاں، جنرل سیکرٹری میاں کاشف فرید، سابق صدر غلام دستگیر، خاورشفیق رندھاوا نے کی۔اس موقع پر نائب صدور خادم حسین گل، عبدالصبور، جوائنٹ سیکرٹری رباب چیمہ، انفارمیشن سیکرٹری میاں محمد ذیشان، ایگزیکٹو ممبران رانا راشدالعارفین، ظفراللہ خاں، سکندر بٹ، حمزہ شیخ، عدیل مان، ابرار اعوان، محمود احمد، ملک عرفان، شکیل جاوید، اخترعباس اختر، میاں رمضان، اشرف خاں، ملک ظہور، آصف سخی ممبران امنان راجپوت، رانا فیصل، شاہد بٹ، رانا عمران ودیگر نے شرکت کی۔ ریلی ایف یو جے کیمپ آفس سے شروع ہوکر چوک گھنٹہ گھر اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر گروپ لیڈر و مرکزی نائب صدر پی ایف یو جے رانا حبیب الرحمٰن نے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ کہ دنیا بھر میں 3 مئی عالمی یوم آزادی صحافت کا دن صحافیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کےلیے منایا جاتا ہے ۔مگر افسوس کہ ملک پاکستان میں ریاست کے چوتھے ستون صحافت کو مکمل آزادی حاصل نہیں ہے۔ صحافیوں کو اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران تشدد کا نشانہ بنانے اور ڈرانے دھمکانے کے ساتھ ساتھ انکے خلاف جھوٹے و بے بنیاد مقدمات درج کیے جاتے ہیں۔ لیکن ہمارے صحافی بھائی تمام تر خطرات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دلیری اور بہادری کیساتھ حق، سچ کو بلند کررہے ہیں ۔جبکہ حق کا ساتھ دینے پر آج تک فیصل آباد سمیت دنیا بھر میں درجنوں صحافیوں کو ناحق قتل بھی کیا گیا ہے۔ ان تمام تر مشکلات کے باوجود پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے قائدین رانا عظیم اور جی ایم جمالی کی قیادت میں ایف یو جے نے ہمیشہ صحافت پر قدغن لگانے والوں کیخلاف بھرپور مزاحمت کی جس کے باعث آج ہم ایک جگہ پر یکجا نظر آرہے ہیں۔ صدر ایف یو جے ساجد خاں نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں صحافت دن بدن خطرات سے دوچار ہورہی ہے۔ صحافیوں کیجانب سے کرپشن اور بے ضابطگیوں کو بے نقاب کرنے پر کرپٹ عناصر اور مافیا کیطرف سے ان کی منشاء کے مطابق حقائق کو دکھانے اور بیان کرنے کےلیے دباؤ ڈالا جاتاہے گزشتہ دنوں بھی ایف یو جے کے جوائنٹ سیکرٹری عبد الباسط راجپوت نے تھانہ پیپلزکالونی کی ذیلی چوکی طارق آباد کے انچارج رانا ساجد کی خلاف قانون ملزم کو تشدد کا نشانہ بنانے اور مبینہ رشوت وصول کرکے اسے چھوڑنے کی خبر نشر کی جس پر چوکی انچارج نے صحافی کو ہراساں کرنے کےلیے رپٹ درج کردی جس کی وجہ سے ایف یو جے کے ممبران سمیت صحافی برادری میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے مگر ہم اپنے اتحاد اور اتفاق سے ان اوچھے ہتھکنڈوں کو ناکام بنادیں گے جبکہ صحافی برادری جرات کیساتھ عام آدمی کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ جنرل سیکرٹری میاں کاشف فرید نے کہا کہ ریاست کے چوتھے ستون صحافت کی آزادی کےلیے حکومت کیطرف سے قانون سازی تو کی جاتی ہے مگر ان قوانین پر عمل در آمد نہیں کیاجاتا جس کے نتیجہ میں آئے روز صحافیوں پر تشدد کے واقعات رونما ہورہے ہیں اور صحافیوں کیخلاف گھیرا تنگ کیا جارہا ہے۔ ہم حکومت وقت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کےلیے اقدامات عمل میں لائے جائیں۔

Post a Comment

Previous Post Next Post